ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / متھرا: شاہی عیدگاہ مسجد میں سروے کمیشن بھیجنے کا مطالبہ

متھرا: شاہی عیدگاہ مسجد میں سروے کمیشن بھیجنے کا مطالبہ

Wed, 01 Jun 2022 11:47:47    S.O. News Service

متھرا، یکم جون (ایس او نیوز؍یواین آئی) اترپردیش کے ضلع متھرا میں شری کرشن جنم بھومی کی 13.37 ایکڑ زمین کے ایک حصے میں تعمیر شاہی عیدگاہ مسجد سے وابستہ مقدموں کے ایک مدعی نے مسجد میں سروے کمیشن بھیجنے کی اپیل کرتے ہوئے مقامی عدالت میں نظر ثانی کی عرضی داخل کر کے نچلی عدالت کے فیصلے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مدعی اکھل بھارت ہندو مہا سبھا کے خازن دنیش چندر شرما کے وکیل دیپک شرما نے بتایا کہ مقدمے کے تحت اے ڈی جے سنجے چودھری کی عدالت میں پیش نظر ثانی عرضی میں کہا گیا ہے کہ نچلی عدالت کے سول جج سینئر ڈویژن کا حکم شواہد کے خلاف ہے اور اس نے سروے کمیشن کی تشکیل کا حکم جاری نہ کرکے بڑی بھول کی ہے۔

عرضی گزار نے کہا ہے کہ نچلی عدالت سول جج سینئر ڈویژن کو سروے کمیشن کی تعیناتی کرنے کا اختیار تھا لیکن عدالت نے اپنے اختیار کا استعمال نہیں کیا۔ لہذا اس کا فیصلہ غیر قانونی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عدالت نے 16(جی) کے تحت داخل عرضی کو منظور نہ کر کے بڑی بھول کی ہے۔اس لئے متعلقہ عدالت کا حکم خارج کئے جانے کے لائق ہے اور عرضی منظور کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ 13مئی کو داخل درخواست میں مدعی کے ذریعہ دعوی کیا گیا تھا کہ مسجد میں مندر کے نشان موجود ہیں۔ جنہیں مدعی علیہ مسخ یا خراب کرسکتے ہیں۔ اس لئے سروے کمیشن بھیجنے کی اپیل کی گئی تھی۔ شرما نے بتایا کہ ضلع جج نے متعلقہ معاملے میں اگلی سماعت کے لئے 8جولائی کی تاریخ طے کی ہے۔


Share: